حجاج کرام کو گرمی سے بچانے کے لیے جدید احرام متعارف

مکۃ المکرمہ: پچھلے چند سال سے حج ایام شدید گرمی میں آرہے ہیں۔ شدید گرمی برداشت نہ کرپانے والے کئی حجاج جاں بحق بھی ہوئے ہیں۔ اب حجاج کرام کو شدید گرمی سے بچانے کا حل نکال لیا گیا ہے۔ سعودی عرب میں فائبر ٹیکنالوجی کا حامل جدید احرام متعارف کروا دیا گیا۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق شدید گرمی میں حج ادا کرنے والے دنیا بھر کے عازمین کے لیے ایک جدید ’’ٹھنڈا احرام‘‘ تیار کیا گیا ہے، جس کا مقصد حجاج کو بلند درجہ حرارت سے ممکنہ حد تک محفوظ رکھنا ہے۔
ہر سال لاکھوں مسلمان مختلف ممالک سے حج کے لیے سعودی عرب پہنچتے ہیں اور مسلسل کئی برس سے حج کا موسم سخت گرمی کے دوران آنے کے باعث حجاج کو خاصی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
سعودی میڈیا کے مطابق اس نئے احرام کی تیاری میں ایسی فائبر ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے جو دھوپ کی تپش کو واپس منعکس کرنے کی قابلیت رکھتی ہے، جس سے جسم پر گرمی کا اثر نمایاں طور پر کم ہوجاتا ہے۔ یہ خصوصی احرام سعودی ایئرلائن کی جانب سے عازمین کو فراہم کیا جائے گا۔
سعودی حکام نے اس سلسلے میں بتایا کہ یہ ٹھنڈا احرام حجاج اور عمرہ زائرین کو شدید گرمی سے بچانے میں مؤثر کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ایئرلائن کی جانب سے رواں موسم حج میں دیگر سہولتیں بھی متعارف کرائی ہیں جن میں سامان کے بغیر حج کی سہولت قابل توجہ ہے، جس کے تحت عازمین کا سامان ان کی رہائش گاہ سے جمع کرکے براہِ راست کارگو تک پہنچایا جاتا ہے، تاکہ سفر مزید آسان ہو۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ایئرلائن عازمین کی سہولت کے لیے ’’فلائنگ ٹیکسی‘‘ سروس کی فراہمی پر بھی کام کررہی ہے، تاکہ حاجیوں کو ایئرپورٹ سے مکہ یا مدینہ تک تیزی اور آسانی سے منتقل کیا جاسکے۔

HeatIntroducedModern IhramProtect Pilgrims