اوسلو: نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ ذہنی طور پر کٹھن نوکری آپ کے ڈیمینشیا کے مرض میں مبتلا ہونے کے خدشات کو کم کرسکتی ہے۔
محققین نے ناروے کے اوسلو یونیورسٹی ہاسپٹل میں کی جانے والی تحقیق میں 305 مختلف روزگار سے تعلق رکھنے والے 7000 افراد کا جائزہ لیا۔
تحقیق میں معلوم ہوا کہ نوکری پر دماغ پر جتنا زیادہ زور دیا جاتا ہے، بعد کی زندگی میں سوچنے اور یادداشت کے مسائل کا سامنا کرنے کے خدشات اُتنے ہی کم ہوسکتے ہیں۔
جرنل نیورولوجی میں شائع شدہ تحقیق میں بتایا گیا کہ وہ نوکریاں جو ذہن کو متحرک کرتی ہیں، لیکن ان میں تکرار نہیں ہوتی، دماغ کے لیے مفید ہوتی ہیں جب کہ صفائی جیسا کام کرنے والے افراد کو اس عارضے کے خطرات زیادہ ہوتے ہیں۔
محققین نے مطالعے میں شریک افراد کا ان کی نوکریوں کے سبب دماغی فعالیت کا معائنہ کیا اور نتائج کی بنا پر ان کو چار گروہوں میں تقسیم کیا۔
تجزیے میں معلوم ہوا کہ وہ افراد جن کی نوکریوں میں دماغ پر کم زور پڑتا تھا، ان کے سوچنے سمجھنے کے معمولی مسائل میں مبتلا ہونے کے خدشے 42 فیصد زیادہ تھے۔
دوسری طرف وہ افراد جن کو نوکری میں دماغی صلاحیتوں کے استعمال کا تقاضا زیادہ تھا ان کو ان مسائل کا سامنا کرنے کے خدشات 27 فیصد تھے۔