ریاض: سعودی عرب میں کورونا ویکسین کے جعلی سرٹِیفکیٹ کی فروخت میں ملوث گروہ کی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق معمولی رقم کے عوض کورونا کے ٹیکے لگائے جانے کی جعلی سند اور جعلی کورونا ٹیسٹ رپورٹ فروخت کرنے والے نیٹ ورک کے 100 سے زائد کارندوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق کورونا ویکسین سرٹیفکیٹ اور منفی کورونا رپورٹ فروخت کرنے والے وزارت صحت کے 9 عہدیداروں سمیت 120 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار ہونے والوں پر رپورٹ پر انفیکشن اور ویکسی نیشن اسٹیٹس تبدیل کرنے کے علاوہ ویکسین کی ایک خوراک کو دو خوراک ظاہر کرنے کا الزام ہے۔
ملزمان کی دیدہ دلیری کا اندازہ اس سے لگایا جاسکتا ہے کہ انہوں نے جعلی سرٹیفکیٹس کی فروخت کے لیے سوشل میڈیا کا سہارا لیا تھا۔ گرفتار ہونے والوں میں سعودیہ میں مقیم 28 غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں۔ کُل 76 سعودی اور 16 غیرملکی رہائشیوں کو جعلی سرٹیفکیٹس فراہم کیے گئے تھے۔ اس سے قبل بھی وزارت صحت کے دو اعلیٰ حکام کو اسی الزام میں گرفتار کیا جاچکا ہے۔
ملزمان نے زیادہ تر ایسے افراد کو جعلی سرٹیفکیٹس فروخت کیے جو حج کے خواہش مند تھے، اس کے علاوہ ایک بڑی تعداد ایسے شہریوں کی ہے، جو سرکاری اداروں، اسکول، کالجز، تفریحی مقامات، پبلک ٹرانسپورٹ اور ملازمین کے لیے ویکسین کی لازمی شرط پوری کرنا چاہتے تھے۔
خیال رہے کہ رواں برس صرف ویکسی نیشن کروانے والے سعودیہ میں مقیم ملکی اور غیر ملکی 60 ہزار افراد کو فریضہ حج ادا کرنے کی اجازت ہوگی۔