اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک میں ہر جگہ مافیاز بیٹھے ہیں، ان کی کوشش ہے حکومت فیل ہو، یہ اپنے مفادات کے لیے کچھ بھی کرنے کو تیار ہیں، خود کو جمہوری کہنے والے فوج سے کہہ رہے ہیں حکومت گرادو۔
وزیراعظم عمران خان نے لودھراں ملتان شاہراہ کی بحالی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب ہم آئے تو پہلے ہفتے ہی شروع ہوگیا تھا کہ کدھر ہے نیا پاکستان، ہم نے ڈھائی سال بڑے صبر سے گزارے، ہمیں بڑے مشکل وقت سے گزرنا پڑا، ایسا تاثر پیدا کیا گیا کہ بٹن دباتے ہی نیا پاکستان بن جائے گا، اپوزیشن کو تو تنقید کرنی تھی، انہیں پتا تھا این آر او نہیں ملے گا، کوئی بھی معاشرہ کوشش کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا۔
انہوں نے کہا کہ آزادی ایک جدوجہد کا نام ہے، پاکستان کو بدلنے کے لیے بہت بڑی جدوجہد چل رہی ہے، پاکستان کی یہ جدوجہد مستقبل کے لیے بہت اہم ہے، آزادی کی تحریک میں قائداعظم کو بھی مشکلات کا سامنا رہا، مشکل وقت سے نکل چکے، اب پاکستان مسلسل ترقی کرے گا، مافیاز کا واحد مقصد اپنے مفادات کا تحفظ ہے، خوش حال ملک دیکھ لیں وہاں قانون کی حکمرانی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ کورونا کے دوران پاکستان نے بھارت سے بہتر اقدامات کیے، پہلا سال معاشی استحکام، دوسرا کورونا سے نمٹنے میں گزرا، بینکنگ نظام کو ٹھیک کرنے میں 2 سال لگے، سیمنٹ کی فروخت سب سے زیادہ بڑھ گئی، صنعتوں کو کھڑا کیا، کسانوں کو پیسے دے رہے ہیں، معیشت بہتر ہورہی ہے، کسانوں کے لیے پیکیج لارہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین کے ساتھ سی پیک کے دوسرے فیز میں جارہے ہیں، حکومتی اقدامات سے آئی ٹی کی برآمدات بڑھ رہی ہیں، اب دولت میں اضافہ اور نوجوانوں کو نوکریاں دینے کا وقت ہے، بینکنگ نظام کی وجہ سے ہاؤسنگ سیکٹر اتنا ٹیک آف نہ کرسکا۔
قبل ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ لودھراں ملتان شاہراہ کی تعمیر سے سفر کا دورانیہ کم ہوجائے گا، شاہراہ کی اپ گریڈیشن سے بہاولپور، لودھراں، ملتان مستفید ہوں گے، شاہراہ کے ذریعے ملتان سے بہاولپور کا سفر صرف 45 منٹ میں ہوگا، منصوبے سے ملتان کا بہاولپور سے رابطہ آسان ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے جنوبی پنجاب کے لیے تاریخی اقدامات کیے، منصوبے سے جنوبی پنجاب کو بے پناہ فائدہ ہوگا، جنوبی پنجاب صوبہ بننے سے سیاسی استحکام ہوگا، جنوبی پنجاب تحریک انصاف کا قلعہ ہے۔