اسلام آباد: کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل 2021) کے پہلے ایڈیشن کا کاؤنٹ ڈاؤن اب شروع ہوگیا ہے کیونکہ تین جولائی کو پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں کے پی ایل ڈرافٹ ایونٹ منعقد ہوئی جس میں ایک جانب تو تمام چھ فرنچائز کے مالکان نے شرکت کی تو دوسری جانب ٹیم سے وابستہ تھنک ٹینکے کے اراکین بھی شریک ہوئے۔ اس کاوش کا مقصد یہ تھا کہ سب سے بہترین اور متوازن ٹیم منتخب کی جائے تاکہ اسے کشمیر پریمیئر لیگ کا افتتاحی ٹائٹل عطا کیا جاسکے۔
شام 5:30 بجے’ریڈ کارپٹ‘ تقریب شروع ہوئی جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی کی ممتاز شخصیات نے بھی شرکت کی۔ ان میں کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار خان آفریدی، سینیٹر فیصل جاوید، کے پی ایل کے صدر عارف ملک، اور کے پی ایل کے سی ای او شہزاد چوہدری شامل تھے۔ اس کے علاہ لیجنڈری کھلاڑیوں میں وسیم اکرم ( نائب صدر، کے پی ایل)، شاہد آفریدی ( برانڈ ایمبیسڈر)، انضمام الحق، شعیب ملک، سعید اجمل، عمر گل، عمر امین اور عبدالرزاق نے بھی اپنی شمولیت سے اس تقریب کو چار چاند لگادیئے۔
اس اہم موقع پر قابلِ احترام مہمانوں نے اپنے اپنے خیالات سے میڈیا کو آگاہ کیا اور اس اہم لیگ کے انعقاد پر اپنی گرمجوشی اور مسرت کا اظہار کیا جو دنیائے کرکٹ کی واحد لیگ ہے جہاں پہلی مرتبہ کشمیر کو نمائیندگی دی گئی ہے۔
آخرمیں، اس اہم ڈرافٹ ایونٹ کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ کشمیر پریمیئر لوگ کو ہرطرح سے کامیاب بنایا جائے گا جو مظفرآباد مین 6 سے 17 اگست تک جاری رہے گی۔