پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ متوقع

اسلام آباد: آئندہ ماہ کے پہلے پندرہ دنوں کے لیے یکم اپریل 2024 سے پٹرول کی قیمتوں میں 9.94 روپے فی لیٹر اضافہ متوقع ہے۔
عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافے کی بڑی وجہ ہے کہ امریکی کمپنی موگاس نے اپنی پیداوار کم کر دی ہے اور یوں امریکی حکومت کی جانب سے موٹر اسپرٹ کی درآمد میں اضافہ کردیا گیا ہے اور اس کے باعث عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔
تاہم ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 1.30 روپے کم ہونے کا امکان ہے کیونکہ بین الاقوامی منڈی میں اس کی طلب کم اور رسد زیادہ ہے۔
حکومت اور صنعتی ذرائع کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکم اپریل سے 15اپریل 2024 تک کےلیے قیمت 279.75روپے سے بڑھا کر 289.69 ہونے کا امکان ہے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 285.49 روپے سے کم ہوکر 284.26 روپے ہوسکتی ہے۔
لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 0.45 پیسے بڑھ کر 168.63روپے ہوسکتی ہے جب کہ مٹی کے تیل کی قیمت 188.49روپے سے بڑھ کر 188.66 روپے ہوسکتی ہے۔
خیال رہے کہ حکومت فی الوقت پٹرول اور ڈیزل کے ہر لیٹر پر 60 روپے لیوی لے رہی ہے جب کہ مٹی کے تیل پر 0.05 روپے فی لیٹر لیوی کی مد میں صارفین سے اکٹھا کررہی ہے۔

 

Big IncreaseExpectedPetroleum product