کراچی: عالمی ادارے آئی ایم ایف سے رقم ملتے ہی ڈالر کی قدر میں بڑی کمی دیکھنے میں آئی ہے، انٹربینک میں روپے کے مقابلے میں آج بھی ڈالر کی گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے۔
آج انٹربینک میں کاروبار کے آغاز پر ڈالرکا بھاؤ 3 روپے 48 پیسے کم ہوکر 274 روپے ہوگیا، بعدازاں ڈالر ایک روپے 98 پیسے کمی کے بعد 275 روپے 50 پیسے کا ہوگیا۔
انٹربینک تبادلہ مارکیٹ میں گزشتہ روز ڈالر ایک روپیہ 9 پیسے سستا ہونے کے بعد 277 روپے 48 پیسے پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر 2 روپے سستا ہوکر 279 روپے کا ہوگیا ہے۔
دھیان رہے کہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کا 3 ارب ڈالرز قرض پروگرام منظور کرلیا ہے، آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کے ساتھ اسٹینڈ بائے معاہدے کی منظوری دی ہے، جس کے بعد فوری طور پر ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی قسط پاکستان کو جاری کردی جائے گی۔
خزانہ اسحاق ڈار نے بتایا کہ سعودی عرب اور یو اے ای سے 3 ارب ڈالر آچکے ہیں، اس سے ہمارے اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں بہتری آئے گی۔
دوسری جانب آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا کا کہنا ہے کہ پاکستان کو اس پروگرام پر پوری لگن سے عمل کرنا ہوگا، ماضی میں قرض پروگرام کی پالیسیوں پر عمل درآمد نہ ہونے سے مہنگائی میں اضافہ ہوا۔
ایک بیان میں ایم ڈی آئی ایم ایف کا کہنا تھا کہ قرض پروگرام کی پالیسیوں پر عمل نہ ہونے کے باعث پاکستان کے اندرونی و بیرونی مالی ذخائر میں کمی آئی، پالیسیوں پر تسلسل سے عمل درآمد کے ذریعے عدم توازن دُور ہوگا۔
کرسٹالینا جارجیوا کا کہنا ہے کہ نیا اسٹینڈ بائے ارینجمنٹ پروگرام پاکستان کے لیے میکرو اکنامک استحکام لانے کا موقع ہے۔
ایم ڈی آئی ایم ایف نے بینکنگ سسٹم کی سخت نگرانی اور اداروں کی استعدادکار بہتر بنانے کا مطالبہ کرنے کے ساتھ پالیسی ریٹ میں حالیہ اضافے کا خیرمقدم کیا ہے۔