تبت میں 7.1 شدت کے زلزلے سے 95 افراد ہلاک

شگاتسے: تبت کے دوسرے سب سے بڑے اور مقدس سمجھے جانے والے شہر شگاتسے کے قریب طاقتور زلزلے کے جھٹکوں سے کم از کم 95 افراد کی ہلاکت اور 62 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہو گئی جب کہ نیپال میں بھی سیکڑوں کلومیٹر دور زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹ کے مطابق زلزلے کی شدت کے حوالے سے چینی اور امریکی مانیٹرنگ گروپس نے معلومات فراہم کیں۔
چین کے زلزلہ نیٹ ورکس سینٹر کے مطابق زلزلہ منگل کو مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بج کر 5 منٹ پر آیا، اس کی گہرائی 10 کلومیٹر (6.2 میل) اور شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی جب کہ امریکا کے جیولوجیکل سروے نے زلزلے کی شدت 7.1 رپورٹ کی۔
رپورٹ کے مطابق 6.8 شدت کا زلزلہ طاقتور اور شدید نقصان پہنچانے کی صلاحیت رکھتا ہے، ایک سے زیادہ آفٹر شاکس بھی رپورٹ کیے گئے جن میں سب سے زور دار جھٹکے 4.4 شدت کے تھے۔
چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی شنہوا نے اطلاع دی کہ شہر کے آس پاس کے تین علاقوں میں 9 افراد ہلاک ہوئے، اس کے علاوہ کئی عمارتیں منہدم ہوگئیں اور مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق درجنوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
الجزیرہ کی رپورٹر نے بیجنگ سے رپورٹنگ کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ علاقوں سے آنے والی تصاویر میں کئی عمارتیں اور مکانات منہدم دکھائی دے رہے ہیں۔
رپورٹر نے بتایا کہ زلزلے کے شکار علاقے دوردراز پہاڑی دیہات ہیں جہاں رسائی مشکل ہے اور اب موسم سرما کے دوران وہاں تک پہنچنا مزید مشکل ہے، علاقے میں شدید سردی ہے اور یہاں سے کوئی بھی بڑا شہر قریب نہیں ہے۔
نرطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے چین کے سرکاری میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ زلزلے کے جھٹکوں سے کم از کم 95 افراد کی ہلاکت اور 62 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے۔
زلزلے کے جھٹکے تبت کے پڑوس میں واقع ملک نیپال اور بھارت کے کچھ حصوں میں بھی محسوس کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق اس خطے میں زلزلے عام ہیں جو فالٹ لائن پر واقع ہے۔
شگاتسے کو تبت کے مقدس ترین شہروں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے، یہ بدھ مت کی ایک اہم شخصیت پنچن لامہ کی روایتی نشست ہے جنہیں دلائی لامہ کے بعد دوسرے نمبر روحانی اتھارٹی حاصل ہے۔

#Earthquake7.195 KilledTibet