راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے رواں برس مجموعی طور پر 59 ہزار 775 آپریشن کیے ہیں، ان کارروائیوں میں خوارج سمیت 925 دہشت گردوں کو واصل جہنم کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ وہ 2024 کے اہم معاملات خاص طور پر قومی سلامتی سے متعلق معاملات، بدلتی علاقائی صورت حال، ملکی دفاع، اندرونی سلامتی اور رواں سال انسداد دہشت گردی کے حوالے سے کیے جانے والے آپریشنز پر بات کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ مسلح افواج کی تربیتی مشقوں اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کیے گئے اقدامات پر بھی بات کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے رواں برس مجموعی طور پر 59 ہزار 775 آپریشن کیے ہیں، ان کارروائیوں میں خوارج سمیت 925 دہشت گردوں کو واصل جہنم کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ان انٹیلی جنس کارروائیوں میں دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولا بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ملک دشمن دہشت گردوں کے خلاف یہ جنگ آخری خارجی کے خاتمے تک جاری رہے گی، پاکستان اپنی سرحدوں اور شہریوں کی حفاظت کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے اپنی کارروائیوں میں 27 افغان دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ پاک فوج، قانون نافذ کرنے والے اور انٹیلی جنس اداروں اور پولیس کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر 179 سے زائد آپریشنز کیے جارہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سیکیورٹی آپریشنز کے دوران فورسز نے 73 ہائی ویلیو ٹارگٹ، انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو کامیابی سے ختم کیا۔