کراچی: 90 سال قبل برصغیر میں ہونے والی ایک شادی کا اردو میں لکھا گیا دعوت نامہ سوشل میڈیا پر ناصرف تیزی کے ساتھ وائرل ہوا بلکہ سب کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
کراچی سے تعلق رکھنے والی سوشل میڈیا صارف سونیا باٹلا نے اپنے دادا دادی کی 1933 میں ہوئی شادی کا دعوت نامہ ٹوئٹر پر شیئر کیا جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگیا۔
اردو میں تحریر دعوت نامے میں مہمانوں کو شادی میں شرکت کے لیے دلی کی گلی قاسم جان میں مدعو کیا گیا ہے اور بارات کی روانگی کا وقت سوا 11 بجے صبح دیا گیا ہے۔ اسی کارڈ میں ولیمے کے مہمانوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے اور تقریب کا وقت صبح 10 کا ہے۔
اردو میں لکھا گیا 90 سال پرانا دعوت نامہ سوشل میڈیا صارفین بے پناہ پسند کررہے ہیں اور اب تک ہزاروں صارفین اس دعوت نامے کو دیکھ چکے ہیں۔ بھارتی میڈیا نے بھی دعوت نامے کے وائرل ہونے کی خبر نمایاں طور پر شائع اور چلائی ہے۔