کراچی:ملک بھر میں آج 9 محرم الحرام کو نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور اُن کے ساتھیوں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے جلوس و مجالس کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
کراچی میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہوگا جبکہ جلوس سے قبل مرکزی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ شہنشاہ حسین نقوی فضائل اور مصائب اہلبیت بیان کریں گے۔
بعدازاں ختم مجلس نشترپارک سے مرکزی جلوس برآمد ہوگا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا، جلوس کے شرکا ایم اے جناح روڈ پر امام بارگاہ علی رضا کے سامنے نماز ظہرین ادا کریں گے۔
مرکزی جلوس کے موقع پر شہر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جلوس کی گزرگاہ اور اطراف کی گلیوں اور سڑکوں کو کنٹینر لگا کرسیل کیا گیا ہے جبکہ جلوس کی سیکیورٹی کے لیے پولیس و رینجرز بھی تعینات ہے اور جلوس کی سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی مانیٹرنگ کی جائے گی۔
لاہور کا جلوس پانڈو اسٹریٹ سے اور اسلام آباد کا جلوس مرکزی امام بارگاہ اثنائے عشری سے برآمد ہو کر روایتی راستوں سے ہوتا ہوا اختتام پذیر ہو گا۔
دوسری جانب روہڑی میں 500 سالہ قدیمی نو ڈھالہ تعزیہ کا جلوس امام شاہ عراق سے برآمد ہوکر اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہیں جس میں ملک بھر سے سینکڑوں کی تعداد میں زائرین اور عزاداران حسین شرکت کررہے ہیں۔
ادھر کوئٹہ میں نویں محرم کو دوپہر ڈیڑھ بجے ذوالجناح کا جلوس امام بارگاہ ناصرالعزا سے نکالا جائے گا جو قریبی شاہراہوں سے ہوتا ہوا دوبارہ امام بارگاہ ناصر العزا پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا، اس دوران شرکا سینہ کوبی کریں گے جب کہ مجلس عزا منعقد کی جائے گی۔
نویں محرم الحرام کے حوالے سے ضلع بولان کے علاقے مچھ میں ایک ماتمی جلوس نکالا جائے گا اور اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
اس موقع پر ملک کے بیشتر شہروں میں موبائل فون سروس معطل کر دی گئی ہے