اسلام آباد: بجلی کی قیمتوں میں 83 پیسے فی یونٹ مزید اضافے کی منظوری دے دی گئی۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے کی منظوری دے دی گئی ہے، نیپرا نے بجلی کی قیمتوں میں 83 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی ہے، تاہم اضافے کا اطلاق حکومت کی جانب سے نوٹی فکیشن جاری ہونے کے بعد ہوگا۔
نیپرا کی جانب سے بجلی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ جاری کردیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ سہ ماہی بنیادوں پر کیا گیا اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ 2019-20 کے لیے ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا۔
نیپرا کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ایک سال کے لیے کیا گیا ہے جس سے صارفین پر 84 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا، تاہم کے الیکٹرک اور لائف لائن صارفین اضافے سے مستثنیٰ رہیں گے۔