کراچی: کراچی کے باسی 70 سالہ بزرگ نسیم الدین قومی تاریخ کے معمر ترین ورلڈ ریکارڈ ہولڈر بن گئے۔
شہر قائد سے تعلق رکھنے والے نسیم الدین جو 45 سال سے ویلڈنگ کے کام سے منسلک اور متعدد عالمی ریکارڈز بنانے والے راشد نسیم کے والد ہیں، لوہے کے گیٹ اور کھڑکی دروازے بنانے کا کام کرتے ہیں۔
انہوں نے 70 سال کی عمر میں گنیز ورلڈ ریکارڈ میں نام درج کروا کر تاریخ رقم کردی اور انگلینڈ کے ڈونی بیکسٹر کے ایک منٹ میں 13 سیب توڑنے کے ریکارڈ کو 18 سیب توڑ کر اپنے نام کرلیا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ نے نسیم الدین کا ریکارڈ منظور کرلیا اور انہیں تصدیقی ای میل بھی موصول ہوگئی ہے جب کہ گنیز ورلڈ ریکارڈ نے ریکارڈ کی تفصیلات اپنی ویب سائٹ پر بھی جاری کردی ہیں۔
گینز ورلڈ ریکارڈ کی سالگرہ کے حوالے سے پوری دنیا میں خصوصی طور پر ورلڈ ریکارڈ توڑنے کا سلسلہ جاری رہا اور اس موقع پر کراچی سے تعلق رکھنے والے لوہار 70 سالہ نسیم الدین کو بھی خصوصی اجازت دی گئی تھی۔
نسیم الدین کا ریکارڈ بنانے کے بعد کہنا تھا کہ ساری زندگی لوہے کے ساتھ کام کیا ہے اس لیے ہاتھ بھی لوہے کا ہی ہوگیا ہے، خواہش تھی کہ میں پاکستان کا نام روشن کروں، اللہ کا شکر ہے کہ اس میں کامیابی ملی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ریکارڈ پاکستان کرکٹ ٹیم کے نام کرتا ہوں جنہوں نے پہلی مرتبہ ورلڈ کپ میں بھارت کو شکست دی۔
نسیم الدین پاکستان کے لیے مارشل آرٹس اور 73 عالمی ریکارڈ بنانے والے محمد راشد نسیم کے والد ہیں جب کہ ان کی پوتی بھی صرف 7 سال کی عمر میں ورلڈ ریکارڈ بنا چکی ہیں۔