کراچی: شہر قائد کے علاقے لیاری میں پانچ منزلہ عمارت زمین بوس ہوگئی، جس کے ملبے تلے کئی افراد دب گئے جب کہ متصل عمارتیں بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
لیاری کے علاقے بغدادی میں واقع النوید ہوٹل کے قریب 5 منزلہ رہائشی عمارت اچانک زمین بوس ہوگئی، جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق عمارت مکمل طور پر منہدم ہوگئی، جس کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں فوری شروع کردی گئی ہیں۔ اب تک جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 7 ہوگئی ہے جب کہ کچھ افراد کو زخمی حالت میں نکالا گیا ہے، جن میں 2 کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔
گرنے والی عمارت میں 6 خاندان رہائش پذیر تھے جب کہ مزید افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ تنگ گلیوں اور راستوں کی بندش کے باعث ہیوی مشینری کو جائے وقوع تک پہنچانے میں شدید مشکلات درپیش ہیں۔ ملبے سے دبے افراد کو نکالنے کے لیے مقامی لوگ بھی اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کاموں میں شریک ہیں۔
گرنے والی عمارت کے ساتھ جڑی 2 منزلہ عمارت کو بھی خالی کرالیا گیا ہے جب کہ دیگر ملحقہ عمارتوں کو بھی ممکنہ نقصان کے پیش نظر خطرے میں تصور کیا جارہا ہے۔
دریں اثنا سول اسپتال کراچی کے ٹراما سینٹر میں لائی گئی ایک 40 سالہ شدید زخمی خاتون کے جسم پر کئی فریکچر اور زخم پائے گئے ہیں۔
پولیس، رینجرز اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ چکی ہیں جب کہ ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کھوسو بھی جائے حادثہ پر موجود ہیں۔ سول اسپتال انتظامیہ کے مطابق مجموعی طور پر 6 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے واقعے پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ریسکیو اداروں کو فوری، مربوط اور مؤثر امدادی کارروائی کی ہدایت جاری کی ہے۔