بلوچستان: چیک پوسٹ پر حملہ، 7 ایف سی اہلکار شہید!

ہرنائی: بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں دہشت گردوں نے ایف سی کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 7 اہلکار فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں ایف سی چیک پوسٹ پر گزشتہ رات حملہ کیا گیا جس کے بعد دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی کے 7 جوان شہید ہوگئے۔
دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والوں میں نائب صوبیدار گلزار، سپاہی فیصل، عبدالوکیل، سپاہی شیر زمان، جمال، عبدالرؤف اور فقیر محمد شامل ہیں۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو پکڑنے کے لیے علاقے کا محاصرہ کرلیا ہے اور آپریشن کے دوران بھاری اسلحہ اور گولیاں تحویل میں لے لی گئی ہیں جب کہ دہشت گردوں کو فرار سے روکنے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد ریاست مخالف قوتوں کی پشت پناہی سے امن کو سبوتاژ کرنے کے لیے یہ بزدلانہ کارروائیاں کررہے ہیں، تاہم دہشت گردوں کو بلوچستان میں سخت کوششوں کے بعد حاصل کیے گئے امن کو سبوتاژ نہیں کرنے دیں گے اور سیکیورٹی فورسز دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنادیں گی۔
وزیراعظم عمران خان نے جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایف سی چوکی پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں 7 بہادر فوجیوں کی شہادت سن کر افسوس ہوا، ہماری قوم ہمارے بہادر فوجیوں کے ساتھ کھڑی ہے جو بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے حملوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہیں، میں شہید ہونے والے بہادر جوانوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور دعا کرتا ہوں۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے دہشت گردوں کے حملے میں ایف سی اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ایف سی کے شہید جوانوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، دہشت گردوں کا خاتمہ ہوگا، دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے ہماری فورسز کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے ایف سی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان حملوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوسکتے۔

balochistancheck postFCTerrorist attack