کراچی: زمان ٹاؤن کورنگی میں 6 سالہ بچی ماہم کے ساتھ لرزہ خیز واقعہ پیش آیا ہے، زیادتی اور قتل کے بعد معصوم بچی کی لاش کچرے سے ملی، اس افسوس ناک واقعے کے بعد پولیس حرکت میں آگئی۔
زمان ٹاؤن سے 6 سالہ بچی کی لاش برآمد ہوئی تھی، لیڈی ایم ایل او ڈاکٹر سمیعہ نے بچی ماہم سے زیادتی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ بچی سے پہلے زیادتی کی گئی، اس کے بعد قتل کیا گیا۔
ایم ایل او نے ابتدائی رپورٹ اور ویڈیو بیان میں انکشاف کیا کہ ماہم کو ناک اور منہ بند کرکے قتل کیا گیا اور قتل کے دوران ہی زور لگانے سے گردن کی ہڈی ٹوٹی۔
لیڈی ایم ایل او کا کہنا تھا کہ زیادتی کے دوران اسے بدترین تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا، ڈی این اے سمیت دیگر تمام نمونے حاصل کرلیے ہیں، رپورٹ آنے کے بعد واضح ہوگا کہ کتنے افراد نے زیادتی کی، ہم نے اپنی ابتدائی رپورٹ تیار کرلی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی زمان ٹاؤن میں 6 سالہ بچی کے زیادتی کے بعد قتل کے واقعے میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 10 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔
ایس پی لانڈھی کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز علاقے میں شادی تھی وہاں کی بھی ویڈیو لی جارہی ہیں، ہر گلی ہر موڑ سے معلومات اکٹھی کی جارہی ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ کرائم سینٹ یونٹ کو اطراف کے علاقوں کے لیے بھی طلب کرلیا ہے، متاثرہ علاقے میں غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث افراد کا ڈیٹا اکٹھا کیا جارہا ہے۔