کراچی: سابق وزیر اعظم پاکستان اور پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن بے نظیر بھٹوشہید کی 68ویں سالگرہ آج منائی جا رہی ہے ۔بے نظیر بھٹو پہلی مرتبہ 1988 میں اور دوسری مرتبہ 1993 میں پاکستان کی وزیراعظم منتخب ہوئی تھیں۔
سابق وزیراعظم پاکستان ذوالفقار علی بھٹو کی بڑی صاحبزادی بے نظیر بھٹو 21 جون 1953 میں سندھ کے مشہور سیاسی گھرانے بھٹو خاندان میں پیدا ہوئیں۔
4اپریل 1979 کواپنے والد ذوالفقار علی بھٹو کی وفات کے بعد بے نظیر بھٹو نے 29 برس کی عمر میں پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت سنبھالی۔
16نومبر 1988 کو ملک میں عام انتخابات ہوئے تو قومی اسمبلی میں سب سے زیادہ نشستیں پیپلز پارٹی نے حاصل کیں اور بے نظیر بھٹو نے دو دسمبر1988 میں 35 سال کی عمر میں ملک اور اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیرِ اعظم کے طور پر حلف اٹھایا۔
بے نظیر بھٹو کی حکومت کا تختہ جلد الٹ دیا گیا لیکن ان کو پاکستان اور عالم اسلام کی دو دفعہ خاتون وزیر اعظم بننے کا اعزاز حاصل ہے۔
بے نظیر بھٹو کو 27 دسمبر 2007 کو راولپنڈی کے تاریخی مقام لیاقت باغ میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کے بعد اس وقت شہید کر دیا گیا جب وہ جلسہ ختم ہونے کے بعد واپس جا رہی تھیں۔
اس سے قبل خود ساختہ جلا وطنی کے بعد جب بے نظیر بھٹو 18 اکتوبر2007 میں وطن واپس آئیں تو ان پر کراچی میں حملہ کیا گیا جس میں وہ بال بال بچ گئی تھیں .