الینوائے: امریکی ریاست الینوائے میں خاتون ایملی کینی لوس سمز نے اپنے گھر میں بچوں کی نظموں پر مشتمل کتاب Days and Deeds دیکھی جس پر کیوانی پبلک لائبریری کی مہر ثبت تھی اور تاریخ اجرا 19 اپریل 1955 درج تھی۔
اس کتاب کو ایملی کی والدہ نے 2 سینٹ فی دن کے حساب سے لائبریری سے حاصل کیا تھا، نصف صدی بعد جب کتاب واپس کی گئی تو 347 ڈالر کا جرمانہ بھی ادا کیا گیا۔
دلچسپ بات یہ کہ کسی کتاب کو تاخیر سے لوٹانے پر کیا جانے والا یہ اب تک کا سب سے زیادہ جرمانہ ہے، کتاب واپسی پر سب سے زیادہ جرمانہ ادا کرنے پر خاتون کا نام گنیز بک آف ریکارڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔
لائبریری کو تاخیر سے کتاب لوٹانے کا اعزاز امریکا کے پہلے صدر جارج واشنگٹن کے پاس ہے جنہوں نے 1790 میں دی لا آف نیشن نامی کتاب نیویارک لائبریری سے صدر بننے کے بعد حاصل کی تھی لیکن واپس نہیں کی تھی۔
امریکا کے پہلے صدر جارج واشنگٹن کے انتقال کے بعد ان کے زیر استعمال عمارت اور اشیاء کو تاریخی ورثہ قرار دے دیا گیا اور اس کا نظم و نسق سنبھالنے والے ادارے نے ان اشیاء میں سے یہ کتاب 221 سال بعد نیویارک لائبریری کو واپس کی تھی۔