فلوریڈا: 60 سالہ شخص نے محض ایک گھنٹے کے دوران 3 ہزار 264 پش اپس لگاکر گنیز ورلڈ ریکارڈ کی دوڑ میں شمولیت اختیار کرلی۔
امریکا کی ریاست فلوریڈا سے تعلق رکھنے والے روب اسٹرلنگ کا کہنا تھا کہ جب انہیں آسٹریلیا کے ڈینیل اسکیلی کے اپریل 2022 میں 3 ہزار 182 پش اپس لگا کر ریکارڈ (مردوں کی کیٹگری میں) بنانے کا علم ہوا تو انہوں نے یہ ریکارڈ توڑنے کا عزم کیا۔
انہوں نے کہا کہ غیر مصدقہ طور پر وہ میامی کی ایک کانفرنس میں یہ ریکارڈ توڑ چکے تھے، لہٰذا انہوں نے 3 ہزار 200 پش اپس کی ایک آفیشل کوشش کا فیصلہ کیا۔
ایک گھنٹے کے تعین شدہ وقت کے بعد روب اسٹرلنگ نے اپنے طے کردہ ہدف سے زیادہ یعنی 3 ہزار 264 پش اپس لگالی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کی کامیاب کوشش کی ویڈیو کو تصدیق کے لیے گنیز ورلڈ ریکارڈز میں جمع کروایا جارہا ہے۔