نیوزی لینڈ میں موجود قومی ٹیم کے 6 ارکان کورونا زدہ نکلے!

کرائسٹ چرچ: پاکستان کرکٹ ٹیم جو اس وقت نیوزی لینڈ میں موجود ہے، اس کے 6 ارکان کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق کرائسٹ چرچ میں موجود قومی کرکٹ ٹیم اور مینجمنٹ کا گزشتہ روز پہلا کورونا ٹیسٹ لیا گیا تھا، جس کے نتیجے آگئے ہیں۔ نتیجوں کے مطابق 6 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
کورونا مثبت آنے والے کھلاڑیوں کے نام ظاہر نہیں کیے گئے۔ جن 6 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں اس میں سے 4 کنفرم ہیں جب کہ 2 کا دوبارہ ٹیسٹ لیا جارہا ہے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق مثبت آنے والوں میں 6 میں سے 2 ارکان پہلے بھی کورونا کا شکار ہوچکے ہیں، پاکستان اسکواڈ کے کورونا سے متاثرہ کھلاڑیوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا۔
کرکٹ نیوزی لینڈ نے مزید کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ کے لیے سب سے اہم عوام کا تحفظ ہے، قومی اسکواڈ میں شامل بعض افراد نے ایس او پیز کی خلاف ورزی کی، دورہ پر آئی پاکستانی کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ سے بات چیت جاری ہے، کورونا پروٹوکولز پر عمل درآمد یقینی بنانا لازمی ہے۔
خیال رہے کہ قومی ٹیم 2 روز قبل نیوزی لینڈ پہنچی تھی، نیوزی لینڈ میں کورونا ایس او پیز کے تحت سیریز سے قبل کھلاڑیوں کے 3 ٹیسٹ کیے جائیں گے۔

Pak cricket teamTour of Newzealand