کراچی: کورونا وبا کی بگڑتی صورت حال کے باعث وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے صوبائی اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی سے درخواست کی ہے کہ 55 سال سے زائد عمر کے اراکین کو اجلاس میں شرکت کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔
ڈاکٹر عذرا پیچوہو کی جانب سے آغا سراج درانی کو لکھے گئے خط میں بتایا گیا ہے کہ اس ہفتے کورونا کیسز کی تعداد بڑھی، انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت نے ٹیسٹ کی صلاحیت کو بھی بڑھایا ہے اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی سربراہی میں بھی ایس او پیز اور گائیڈ لائن جاری کی گئی ہیں۔
وزیر صحت سندھ کا کہنا تھا کہ شوگر اور دیگر امراض میں مبتلا معمر افراد کورونا سے زیادہ متاثر ہورہے ہیں لہذا 55 سال سے زائد عمر کے اراکین کو اجلاس میں شرکت کی اجازت نہ دی جائے۔
انہوں نے درخواست کی کہ اسمبلی اراکین کو ماسک اور دیگر ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے پابند بنایا جائے۔