کراچی: شہر قائد کے صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں 51 پیسے فی یونٹ اضافہ کردیا گیا، نیپرا نے حکومتی درخواست پر بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔بجلی نرخ یونیفارم ٹیرف کی مد میں بڑھائے گئے ہیں۔
نیپرا حکام کے مطابق کراچی کے صارفین سے ستمبر تا نومبر کے بلوں میں وصولی ہوگی، کے الیکٹرک کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ 3 روپے 55 پیسے بنتی ہے، لیکن عوام 51 پیسے فی یونٹ کے حساب سے ادا کریں گے۔
حکومت 3 روپے 4 پیسے فی یونٹ سبسڈی دے گی جب کہ کراچی کے عوام کو 291 ارب روپے سالانہ سبسڈی دے رہی ہے۔
کراچی کے صارفین کو بجلی فی یونٹ 43 روپے 38 پیسے میں پڑتی ہے، جس پر حکومت 17 روپے 29 پیسے فی یونٹ سبسڈی دے رہی ہے، صارفین کو 29 روپے 9 پیسے میں بجلی دی جاتی ہے۔
نیپرا نے ہدایت کی کہ کے الیکٹرک متبادل سستی بجلی کے پلانٹ فوری لگائے، کے الیکٹرک کے مطابق متبادل توانائی کا پلانٹ 2024 میں لگایا جائے گا۔
چیئرمین نیپرا کے مطابق حکومت کے ای کو 10 روپے یونٹ بجلی دے رہی ہے، کے ای خود اپنی بجلی 37روپے میں پیدا کرتی ہے۔