اسلام آباد: وفاقی حکومت نے لاپتا ہونے والے افراد کے ہر خاندان کے لیے 50 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔
وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ لاپتا افراد کے خاندانوں کی مدد کے لیے ریاست نے غیر معمولی اور تاریخی فیصلہ کیا ہے۔
اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا، 5 سال سے زیادہ عرصے والے گمشدہ افراد کے خاندانوں کے دُکھ میں شامل ہوں گے، لاپتا افراد کے ہر خاندان کے لیے گرانٹ کے طور پر 50 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا، وفاقی کابینہ نے گرانٹ کی منظوری دے دی ہے، یہ ریاست کا ایک مخلصانہ رویہ ہے، یہ متاثرہ خاندانوں کی مشکلات دُور کرنے اور ان کے غم میں شریک ہونے کی ایک کوشش ہے۔
وفاقی وزیر اعظم نذیر نے مزید کہا کہ گمشدہ افراد کے پیچھے متعدد اور پیچیدہ وجوہ ہیں، ریاست ماں کے جیسی ہوتی ہے، حکومت وقت نے آج پھر ثابت کردیا ہے، دردناک الزامات کے باوجود ریاست اور اداروں کا ایک مُخلص قابل تحسین قدم ہے، پاکستان میں ہر شہری کی زندگی کا تقدس اور تحفظ اہم ہے۔
دھیان رہے کہ لاپتا افراد نے گوادر میں کئی روز سے دھرنا دے رکھا تھا، تاہم گزشتہ روز بلوچ یکجہتی کمیٹی کی سربراہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور ڈی سی گوادر کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد دھرنا ختم کرنے کا اعلان ہوا تھا اور حکومت کی جانب سے یہ یقین دہانی بھی کروائی گئی تھی کہ تمام گرفتار افراد کو رہا کردیا جائے گا۔
اب محکمہ داخلہ بلوچستان نے آئی جی پولیس اور صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ جاری کیا ہے، جس میں 24 جولائی سے 16 ایم پی او کے تحت گرفتار تمام افراد کو رہا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ بلوچستان نے ہدایت کی کہ اپنی حدود میں گرفتار تمام افراد کو رسمی کارروائی کے بعد رہا کردیا جائے۔