صنعا: یمن کے ساحلی علاقے کے قریب تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے 49 افراد اپنی زندگی سے محروم ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کشتی کے 140 مسافر تاحال لاپتا ہیں، جن کی تلاش جاری ہے۔ یمن کے قریب ڈوبنے والی کشتی میں 260 تارکین وطن سوار تھے۔ کشتی کے 71 مسافروں کو بچالیا گیا ہے۔ واقعے میں ڈوبنے والے 49 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ مرنے والوں میں 31 خواتین اور6 بچے بھی شامل ہیں۔
کشتی میں سوار تارکین وطن کا تعلق ایتھوپیا اور صومالیہ سے تھا اور وہ یمن پہنچنے کی کوشش کررہے تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ لاپتا افراد کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔