افغانستان، فوجی گاڑی پر گولا لگنے سے 4 اہلکار ہلاک!

کابل: افغانستان میں جنگجوؤں نے سرچ آپریشن کے دوران فوجی گاڑی پر گولے برسائے، جس کے نتیجے میں کمانڈر سمیت 4 اہلکار ہلاک ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے بلخ میں سرچ آپریشن کے دوران فوج اور جنگجوؤں کے درمیان گھمسان کا رن پڑا، اس دوران جنگجوؤں نے فوجی گاڑی پر گولے برسائے جن میں سے ایک گولا نشانے پر لگا اور گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔
گاڑی میں شاہین کور کے کمانڈر نصرت اللہ یامین بھی موجود تھے، جس کے نتیجے میں کمانڈر 3 اہلکار سمیت موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جب کہ 3 دیگر اہلکار زخمی ہیں، جن میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔
شاہین کور کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ تباہ ہونے والی افغان فوج کی گاڑی بلخ کے گاؤں عالم خیل میں دہشت گردوں کے خلاف سرچ آپریشن میں حصہ لے رہی تھی۔ افغان کمانڈر کی ہلاکت کے بعد مزید نفری تعینات کی گئی اور آپریشن کلین اپ جاری ہے۔
شاہین کور کے ترجمان نے اپنے بیان میں یہ واضح نہیں کیا کہ سرچ آپریشن کس گروپ کے خلاف تھا اور سرچ آپریشن میں کس حد تک کامیابی ہوئی، تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کو مطلوب کالعدم لشکر اسلام کا سربراہ منگل باغ اپنے 3 ساتھیوں سمیت افغانستان کے صوبے ننگرہار میں سڑک کنارے نصب بم دھماکے میں مارا گیا تھا۔

4 army man killedAfghanistan