نیویارک: محض تفریح کے لیے ایک شخص نے ڈی این اے ٹیسٹ کِٹ خریدی جو بالآخر اُس کے والدین کی 33 سالہ رفاقت کے خاتمے کی وجہ بن گئی۔
آن لائن رپورٹس کے مطابق ایک نامعلوم آن لائن صارف سے انجانے میں ہوئی غلطی نے اس کے والدین کی طویل ازدواجی زندگی کو چند لمحوں میں برباد کردیا۔
درحقیقت صارف نے کِٹ آن لائن ڈسکاؤنٹ پر اپنے اور اپنے والد کے لیے خریدی اور اس میں ٹیسٹ کیا، جس کے چونکا دینے والے نتائج اس نے سوشل میڈیا پوسٹ پر شیئر کیے۔ یہ پوسٹ ریڈ اِٹ پر throwmeaway29305@ نامی صارف کے ذریعے کی گئی۔
ریڈ اِٹ صارف نے انکشاف کیا کہ میرے والد اور میں نے اپنے نسب کی ساخت کا موازنہ کیا اور نتائج میں میں نے محسوس کیا کہ تھوڑی گڑبڑ ہے۔ پتا چلا کہ حیاتیاتی طور پر (biologically) ہم ایک دوسرے سے منسلک نہیں ہیں۔
صارف نے مزید بتایا کہ جب اس کی ماں گھر آئی تو اس نے ان سے اس معاملے سے متعلق استفسار کیا اور بالآخر ماں نے اعتراف کیا کہ اس کا والد کوئی اور ہے اور اگر انہیں معلوم ہوتا کہ ہم ڈی این اے کٹ خرید رہے ہیں تو وہ ہمیں اس سے روکنے کی پوری کوشش کرتیں۔
صارف نے بتایا کہ غلط خاندانی تاریخ دریافت ہونے کے بعد ان کے والدین اب طلاق لے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اس طرح کی کہانیاں آن لائن ڈی این اے کٹس کے عروج کے ساتھ تیزی سے عام ہورہی ہیں۔ اسی طرح کی ایک کہانی اور بھی سامنے آئی تھی جس میں ایک شخص کو پتا چلا کہ اس کے پانچ میں سے چار بچے اس کے نہیں تھے۔