لاہور: پنجاب کے مختلف علاقوں میں حالیہ طوفانی بارشوں میں 33 افراد کے جاں بحق ہونے اور 170 سے زائد شہریوں کے زخمی ہونے کے بعد پنجاب کے مختلف علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
رپورٹ کے مطابق راولپنڈی، چکوال اور گردونواح میں شدید طوفانی بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی ہے، ڈائریکٹر جنرل پنجاب واسا، طیب فرید کی ہدایت پر تمام واسا فیلڈ ٹیمیں متحرک ہیں۔
پنجاب کے دیگر شہروں کی طرح لاہور میں مون سون کا سسٹم موجود ہے جب کہ لاہور شہر میں آج بھی کہیں ہلکی ہو، کہیں تیز بارش کا امکان ہے۔
لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 27 اور زیادہ سے زیادہ 29 ڈگری تک جانے کے امکان ہیں، بارش کے پیش نظر واسا، ایل ڈبلیو ایم سی، بلدیہ عظمیٰ اور محکمۂ ہاؤسنگ کے افسران و ملازمین الرٹ ہیں۔
ڈی جی پنجاب واسا نے کہا کہ تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کو فل کپیسٹی پر چلایا جارہا ہے، ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو ٹیمیں فیلڈ میں الرٹ ہیں۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، بجلی تاروں اور کھلے مین ہولز سے دُور رہیں۔
ڈی جی واسا نے کہا کہ تمام واسا دفاتر کو ہدایت جاری کی ہے کہ بارش کے دوران اور بعد میں پانی کی نکاسی کی مسلسل نگرانی کی جائے، تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کو ممکن بنایا جائے۔
ترجمان واسا پنجاب کے مطابق صورت حال کو لمحہ بہ لمحہ مانیٹر کیا جارہا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا کہ رواں سال مون سون بارشوں کے باعث 103 شہری جاں بحق اور 393 زخمی ہوئے، مون سون بارشوں کے باعث 128 مکانات متاثر اور 6 مویشی ہلاک ہوئے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں مون سون بارشوں کے باعث 63 شہری جاں بحق اور 290 زخمی ہوئے، لاہور میں 15، فیصل آباد 9، ساہیوال 5، پاکپتن 3 اور اوکاڑہ میں 9 اموات رپورٹ کی گئیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ صوبے بھر میں آج بھی مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا، مون سون بارشوں کے باعث پنجاب کے دریاؤں و ندی نالوں میں طغیانی کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق شہریوں سے گزارش ہے کہ موسم برسات کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کر یں، شہریوں سے التماس ہے کہ پرانے کچے مکانات میں ہرگز رہائش نہ رکھیں۔
خستہ حال عمارتوں اور بوسیدہ مکانات چھتیں گرنے کے باعث سب سے زیادہ اموات ریکارڈ ہوئی، بچوں کا خیال رکھیں، انہیں بجلی تاروں، کھمبوں اور نشیبی علاقوں کے قریب ہرگز نہ جانے دیں، احتیاطی تدابیر اختیار کرکے جانی و مالی نقصان سے بچا جاسکتا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام میں کہا کہ غیر معمولی طوفانی بارشوں اور سیلابی صورتحال پر پنجاب کے مختلف علاقوں میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ سرکاری ادارے جذبے اور انتہائی محنت سے کام کررہے ہیں، انتظامیہ کو عوام کو بذریعہ سائرن اور اعلانات آگاہ رکھنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ عوام اداروں سے تعاون کریں، حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔