31 مرتبہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے باوجود خاتون کیوں زندہ ہے؟

جے پور: پانچ ماہ میں خاتون کے 31 مرتبہ کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آچکے ہیں، اس کے باوجود یہ خاتون ناصرف زندہ بلکہ صحت مند بھی ہیں۔
بھارتی ریاست راجستھان سے تعلق رکھنے والی 32 سالہ خاتون کا گزشتہ سال اگست سے مسلسل کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آرہا ہے۔ اس دوران ان کے 14 بار آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ کیے گئے جب کہ 17 بار اینٹی جن ٹیسٹ بھی کروائے گئے، ان سب میں کورونا وائرس مثبت آیا۔
مذکورہ خاتون کا دماغی توازن درست نہیں اور اس کی دیکھ بھال کے لیے کوئی قریبی رشتے دار بھی موجود نہیں۔ اس لیے خاتون کو بھرت پور میں سماجی تنظیم ’’اپنا گھر‘‘ کے سینٹر میں رکھا گیا ہے اور مسلسل 5 ماہ سے وہ قرنطینہ میں ہے۔
اپنا گھر سینٹر کے منتظم کے مطابق خاتون میں 24 اگست 2020 کو کورونا کی تشخیص ہوئی تھی۔ جس کے بعد گاہے بہ گاہے 31 بار ہونے والے اس کے کورونا وائرس کے ٹیسٹوں کے نتائج مثبت آرہے ہیں۔ تاہم اب اس میں کورونا کی کوئی علامت نہیں پائی جاتی۔
بھرت پور کے میڈیکل ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر کپتان سنگھ کا کہنا ہے کہ خاتون میں علامات نہ ہونے کی وجہ یہ ہوسکتی ہے کہ ٹیسٹ میں خاتون کی آنتوں اور جسم میں موجود غیر فعال وائرس کی شناخت ہورہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مسلسل کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے باجود اس خاتون میں موجود وائرس دوسروں کو متاثر نہیں کرسکتا۔

31st time covid 19 testindian womanPossitive