2 روز میں سندھ پولیس کے 30 اہلکار کورونا کی زد میں آگئے

کراچی: پچھلے 2 روز کے دوران سندھ پولیس میں کورونا کے 30 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
ترجمان سندھ پولیس کے مطابق گذشتہ دو روز کے دوران کورونا کے 30 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، اس طرح کورونا سے متاثر پولیس اہلکاروں کی مجموعی تعداد 1255 ہوگئی ہے۔ 910 افسران اور اہلکار زیر علاج ہیں جب کہ 332 اہلکار صحت یاب ہوچکے ہیں۔ اب تک سندھ پولیس کے 13 اہلکار کورونا سے متاثر ہوکر شہید ہوچکے ہیں، جن میں سے 11 کا تعلق کراچی جب کہ دو کا تعلق حیدرآباد رینج سے تھا۔
ترجمان سندھ پولیس کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ اہلکاروں کا مکمل طور پر خیال رکھا جارہا ہے اور اس سلسلے میں روزانہ کی بنیاد پراقدامات جاری ہیں، کورونا کے خلاف ہراول دستے کے طور پر کام کرنے والے افسران اور جوان خدمت انسانیت کے لیے انتہائی پُرعزم اور بلند حوصلہ ہیں۔۔

Coronasindh police