کراچی: شہر قائد کے علاقے صدر میں ایم اے جناح روڈ پر پٹاخوں کے گودام میں زوردار دھماکے کے بعد آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں 27 افراد زخمی ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق ایم اے جناح روڈ کے قریب پٹاخوں کے گودام میں آتش زدگی سے ایک رکشا بھی متاثر ہوا، دھویں کے بادل دور سے بھی نظر آرہے ہیں۔
اطلاع ملتے ہی کے ایم سی فائر بریگیڈ کے 5 فائر ٹینڈر، ایک اسنارکل اور ایک باؤزر روانہ کردیا گیا، جائے وقوع پر پولیس اور رینجرز کی نفری روانہ کردی گئی۔
حادثے کے بعد ایس ایس یو کمانڈوز جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور دیگر ریسکیو اداروں کے ساتھ ریلیف آپریشن میں مصروف ہوگئے، چھت پر محصور افراد کو بحفاظت نکالا جارہا ہے۔
ایس ایس پی ساؤتھ نے بتایا کہ دھماکے کے بعد گودام میں آگ بھڑک اٹھی، پٹاخوں کے گودام میں پہلے زوردار دھماکا ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پٹاخوں کے گودام میں دھماکے سے آس پاس موجود دکانوں اور عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا۔
دھماکے سے کئی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، کئی افراد عمارت کے شیشے لگنے سے زخمی ہوئے۔
ریسکیو حکام نے کہا کہ 27 افراد زخمی ہوئے، زخمی ہونے والے 13 افراد کو جناح اور 7 افراد کو سول اسپتال منتقل کیا گیا۔