اسلام آباد: کورونا وائرس کی جاری تیسری لہر کے دوران پاکستان کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 29 ویں نمبر پر ہے، ملک میں کورونا سے اموات میں غیر معمولی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کا کہنا ہے کہ رواں سال 21 مارچ کے بعد کورونا وائرس سے کم سے کم 27 اموات گزشتہ روز رپورٹ ہوئی ہیں، 21 مارچ کو کورونا وائرس سے 20 اموات رپورٹ ہوئی تھیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 991 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 27 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، مزید 1 ہزار 282 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 2 اعشاریہ 14 فیصد ہو گئی۔
ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 21 ہزار 940 ہو گئی ہے، جبکہ کُل کورونا مریضوں کی تعداد 9 لاکھ 47 ہزار 218 ہو چکی ہے۔
ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کُل 35 ہزار 491 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 2 ہزار 296 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ کُل 8 لاکھ 89 ہزار 787 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں