بیجنگ: دوست ملک چین میں ایک چار المنزلہ آفس عمارت میں لگنے والی آگ سے 26 ملازمین ہلاک اور 51 زخمی ہوگئے۔
چینی میڈیا کے مطابق آگ صوبے شانکزی کے شہر لولیانگ کی ایک کمرشل عمارت میں لگی جو کوئلے کی کان کن کمپنی کی ملکیت تھی اور اس میں درجنوں دفاتر تھے۔
آگ دفتری عمارت کی پہلی منزل کے ایک کمرے میں لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے پورے فلور کو لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کے بلند شعلوں اور سیاہ دھویں کے باعث کے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا رہا۔
آگ لگنے کے وقت اس عمارت میں 125 سے زائد افراد موجود تھے، جن میں سے 63 کو بحفاظت نکال لیا گیا تاہم 26 افراد اپنی جانوں سے گئے اور 51 افراد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال آگ لگنے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا۔ تحقیقات جاری ہیں۔
آتش زدگی میں زیادہ تر ہلاکتیں دم گھٹنے کے باعث ہوئیں۔ زخمیوں میں 10 سے زائد کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔