اسلام آباد: بجلی کی آنکھ مچولی کے باعث شہری شدید اذیت میں مبتلا ہیں، خاص طور پر بچے شدید گرمی سے زیادہ متاثر دکھائی دیتے ہیں۔ اسکول کے 25 بچے شدید گرمی اور بجلی نہ ہونے کے باعث بے ہوش ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق بہارہ کوہ کے علاقے ملپور میں صبح سے بجلی نہ ہونے کے باعث گورنمنٹ فیڈرل اسکول میں بچے بے ہوش ہوگئے۔
اسکول انتظامیہ کے مطابق اسکول میں بجلی نہ ہونے کے باعث 25بچے بے ہوش ہوگئے جب کہ گرمی کی وجہ سے بچوں کی نکسیر سے خون آنا شروع ہوگیا۔
حکام کی جانب سے بچوں کے سر پر پانی ڈال کر نکسیر کے خون کو روکنے کی کوشش بھی کی گئی، تاہم بچوں کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
گورنمنٹ فیڈرل اسکول میں پڑھنے والے بچوں کی تعداد 200 سے زائد ہے۔
واقعے کے بعد اسکول انتظامیہ نے بچوں کو چھٹی دے دی ہے، حکام کا کہنا ہے کہ واپڈا کو بجلی بندش کی اطلاع دی لیکن اس کے باوجود بجلی بحال نہیں کی گئی۔
دوسری جانب ترجمان آئیسکو کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر اے کیو خان فیڈر بہارہ کہو کی اپ گریڈیشن کی جارہی ہے تاہم فیڈر پر دن 2 بجے تک شیڈول لوڈشیڈنگ کی گئی تھی۔ وقت سے قبل کام مکمل ہونے پر متاثرہ علاقوں کی بجلی بحال کردی ہے۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں گرمی کی شدید لہر کے بعد بجلی کا شارٹ فال کا دورانيہ بڑھنے سے مختلف شہروں ميں 4 سے 8 گھنٹے تک لوڈشيڈنگ کی جارہی ہے۔
دھیان رہے کہ تربیلا ڈیم میں پانی کی کمی کے باعث 3000 میگاواٹ پیداوار کم ہوئی اور مجموعی طور 4ہزار میگاواٹ شاٹ فال کا سامنا ہے جب کہ ملک میں بجلی کی پیداوار 19 ہزار ہے جب کہ طلب 23 ہزار میگاواٹ ہے۔