کراچی: صدارتی ایوارڈ یافتہ قوال عزیز میاں کی 22 ویں برسی آج منائی جارہی ہے، ان کو اس دُنیا سے رخصت ہوئے 22 برس بیت گئے.
لیجنڈ قوال عزیز میاں کی قوالیاں میں شرابی میں شرابی، تیری صورت اور اللہ ہی جانے کون بشر ہے آج بھی سننے والوں پر وجد طاری کردیتی ہیں۔
انہیں فنی خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان کی طرف سے پرائیڈ آف پرفارمنس سمیت متعدد ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔
عزیز میاں 17 اپریل 1942 کو غیر منقسم ہندوستان کے شہر دہلی میں پیدا ہوئے، انہیں پاکستان کے چند مقبول ترین قوالوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
بارعب اور طاقتور آواز کے مالک عزیز میاں کا اصل نام عبدالعزیز تھا۔ “میاں” ان کا تکیہ کلام تھا، جو وہ اکثر اپنی قوالیوں میں بھی استعمال کرتے تھے، جو بعد میں ان کے نام کا حصہ بن گیا۔
حکومت پاکستان نے 1989 میں انہیں صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا۔
عزیز میاں کا انتقال 6 دسمبر 2000 کو تہران میں یرقان کے باعث ہوا، ان کی گائی گئی قوالیاں آج بھی مداحوں کے ذہنوں میں زندہ اور بے پناہ مقبول ہیں۔ اس عظیم قوال کو اُن کے فینز کبھی فراموش نہیں کرسکیں گے۔