سنچورین: ون ڈے سیریز کے پہلے مقابلے میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔ کپتان بابر اعظم کی شان دار سنچری 103 رنز نے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ امام الحق 70 رنز بناکر دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقا نے پاکستان کو جیت کے لیے 274 رنز کا ہدف دیا تھا، اس جیت میں کپتان بابراعظم اور اوپنر امام الحق کی 177 کی شاندار شراکت نے اہم کردار ادا کیا۔جنوبی افریقا کی جانب سے نورٹیجی نے 4 جب کہ پھیلواکیو نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
قبل ازیں پاکستان اور جنوبی افریقا کے مابین سنچورین میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ کا ٹاس پاکستان نے جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کو ترجیح دی۔ جنوبی افریقا کی جانب سے ایڈن مارکرم اور کوئنٹن ڈی کاک نے اننگز کا آغاز کیا تاہم شاہین شاہ آفریدی نے دونوں کھلاڑیوں کو جلد ہی پویلین واپس بھیج دیا۔ مارکرم 19 اور ڈی کاک 20 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقا کے کپتان ٹیمبا باؤما اور ہینرک کلاسن صرف ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ ڈیوڈ ملر اور راسی وینڈر ڈیوسن نے پانچویں وکٹ کے لیے 116 رنز کی اہم شراکت قائم کرکے ٹیم کا اسکور بورڈ مستحکم کیا۔ ڈیوڈ ملر نصف سنچری اسکور کرنے کے بعد حارث رؤف کا شکار بنے تاہم راسی وینڈر ڈیوسن نے ذمہ داری اننگز کھیلتے ہوئے ون ڈے کیریئر میں اپنی پہلی سنچری بنانے میں کامیاب رہے اور 123 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
آخری اوورز میں اینڈیلے فیفلکوایو نے راسی وینڈر ڈیوسن کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے 29 رنز کی اننگز کھیلی۔ قومی ٹیم کی جانب سے شاہین آفریدی اور حارث رؤف 2،2 محمد حسنین، فہیم اشرف، نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
شاندار سنچری پر بابراعظم میچ کے بہترین کھلاڑی قرار دیے گئے۔