ملیر جیل سے 213 قیدی فرار ہوئے، 78 کو پکڑلیا، آئی جی سندھ

کراچی: آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا ہے کہ ملیر جیل سے 213 قیدی فرار ہوئے، جن میں سے 78 کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملیر جیل میں کُل 6 ہزار قیدی ہیں، گزشتہ روز زلزلے کے جھٹکوں کے بعد 2 سرکل کے قیدیوں کو باہر نکالا گیا، جس کے بعد قیدیوں نے جیل کے مرکزی دروازے کی طرف بھاگنا شروع کردیا جب کہ دونوں سرکل میں منشیات کے مقدمات کے قیدی موجود تھے۔
غلام نبی میمن نے کہا کہ مرکزی دروازے کے اندر جیل پولیس اور باہر ایف سی اہلکار تعینات ہوتے ہیں، قیدیوں کے ہجوم کو دیکھ کر جیل پولیس اور ایف سی اہلکاروں نے ہوائی فائرنگ کی۔
آئی جی نے بتایا کہ ملیر جیل سے 213 قیدی فرار ہوئے جن میں سے 78 کو گرفتار کرلیا گیا ہے جب کہ دیگر فرار قیدیوں کی گرفتاری کے لیے حکمت عملی بنادی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جیل کے اندراور اطراف میں بھی سیکیورٹی کے انتظامات کو بڑھایا گیا ہے، پولیس کی اضافی نفری جیل کے اطراف کی آبادیوں میں سرچ آپریشن کررہی ہے۔

 

213 Prisoners Escaped78 CaughtGhulam Nabi MemonIG SindhMalir Jail