20 فوجیوں کی ہلاکت، بھارت کی سبکی، مودی پر کڑی تنقید

نئی دہلی: 20 فوجیوں کی ہلاکت مودی پر شدید تنقید کا سبب بن گئی، بھارت کو چین کے سامنے بڑی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، بھارتی میڈیا تلملا اٹھا، مودی سرکار کی پالیسیوں پر تنقید کے نشتر برسانے شروع کردیے۔
چین کی سرحدی حدود میں گھسنا بھارت کو مہنگا پڑ گیا، لداخ میں کرنل سمیت 20 بھارتی فوجی جان سے گئے، چین نے مداخلت کرنے والے فوجیوں کو مار بھگایا۔ جھڑپوں میں 135 بھارتی فوجی زخمی بھی ہوئے جب کہ 45 بھارتی فوجی لاپتا بھی ہیں۔
بھارتی فوج کو مار پڑی تو وہیں مودی جو کشمیر کے معاملے پر سب کی آنکھوں کا تارا تھے، کڑی تنقید کی زد میں آگئے۔ بھارت کی ناکام خارجہ پالیسی پر نامور صحافی نیروپما سبرامینیم نے سوالات اٹھا دیے۔
انہوں نے ٹویٹ کیا کہ کنٹرول لائن پر پاکستان سے محاذ آرائی، لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر چین سے لڑائی، نیپال سے کشیدگی، بنگلادیش ناراض اور افغان مذاکرات کی میز سے بھارت کی بے دخلی، بھارت اس حالت تک کیسے پہنچ گیا۔
سوشل میڈیا پر بھی بھارت کو سبکی کا سامنا ہے، ٹوئٹر صارفین نے بھارت کی احمقانہ حرکت پر مودی سرکار کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا، لداخ بارڈر ویکیسٹ (کمزور ترین) پی ایم مودی، گلوان ویلی کے ہیش ٹیگ ٹرینڈ کرتے رہے۔