کراچی: محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے ڈی آئی جی عمر شاہد نے متحدہ لندن کے رہنما واسع جلیل اور گرفتار دہشت گرد کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو میڈیا کے سامنے پیش کر دی۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد نے ایس ایس پی سی ٹی ڈی آپریشن ون عارف حنیف کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ”را“ کے نیٹ ورک کو چلانے کے لیے بانی ایم کیوایم، انیس ایڈووکیٹ اور واسع جلیل کام کرتے تھے، انیس ایڈووکیٹ اور واسع جلیل کو لڑکوں کو بھارت بھیجنے کی ذمے داری دی گئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ کچھ ہفتے قبل سی ٹی ڈی کا ایک آپریشن ہوا تھا، جس میں کچھ ایم کیو ایم کے لیڈرز کے نام سامنے آئے تھے، اس پر سی ٹی ڈی میر پور خاص نے گزشتہ رات آپریشن کیا ہے، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد نے بتایا کہ گزشتہ شب میرپور خاص سے 2 ملزمان کو گرفتار کیا ہے، ان گرفتار دہشت گردوں کے نام وجیہہ اور عبدالنعیم ہیں۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد نے بتایا کہ 2003ء میں یہ دونوں لڑکے دہشت گردی کی تربیت لینے کے لیے بھارت گئے تھے، انہیں اونٹ چلانے سے لے کر اسلحہ منتقل کرنے تک تمام تربیت دی گئی، گرفتار ملزمان کے قبضے سے اینٹی ایئر کرافٹ گن، رائفل، ایک ہینڈ گرینیڈ، 2 پستول اور کئی راؤنڈز برآمد ہوئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہم نے 2 مرتبہ انیس ایڈووکیٹ کو بلایا اور شاملِ تفتیش کیا، انیس ایڈووکیٹ کے موبائل فون لیئے تھے، ان کی فرانزک کروائی گئی، انہیں ایک بار پھر بلایا جائے گا، ان کے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات درکار ہیں۔
عمر شاہد نے بتایا کہ انیس ایڈووکیٹ اور واسع جلیل لڑکے باہر بھیجنے کیلئے کام کرتے تھے، انیس ایڈووکیٹ کا شناختی کارڈ بلاک کروادیا گیا ہے، تفتیشی افسر اگر چاہے گا تو مزید تفتیش کے لیے انہیں گرفتار کیا جاسکتا ہے۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے کہا کہ 1998ء سے 2002ء کے درمیان بانی ایم کیو ایم کے کہنے پر انیس ایڈووکیٹ اور واسع جلیل نے ایک سسٹم بنایا تھا، اس سسٹم کے تحت اندرونِ سندھ سے کارکنان کو ”را“ سے تربیت دلوانی تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اے پی ایم ایس او کا صدر محمود صدیقی ابھی بھی بھارت میں موجود ہے، جو بانی ایم کیو ایم اور ”را“ کے درمیان رابطے کرنے کی ذمے داری نبھا رہا ہے۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد نے یہ بھی بتایا کہ اس گروہ میں 6 ملزمان تھے، جن میں سے 5 گرفتار ہو چکے ہیں، جو لوگ تربیت کرنے بھارت گئے، ان کی تعداد کافی زیادہ ہے، 3 دہشت گردوں کو چند ہفتے قبل حیدر آباد سے گرفتار کیا تھا جبکہ 2 کو گزشتہ روز میر پور خاص سے گرفتار کیا گیا ہے