اسلام آباد: معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ اب تک کورونا ویکسین کی 1.2 کروڑ خوراکیں دی جاچکی ہیں، اب بھی 20 لاکھ خوراکیں موجود ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ ایک دو روز سے تاثر دیا جارہا ہے کہ ملک میں لگنے والی ویکسین میں کمی ہے، دوہزار سے زائد سینٹرز ہیں، جن مراکز میں زیادہ رش ہوتا ہے وہاں پر ویکسین کی کمی ہے۔
ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ دنیا بھر میں ویکسین کی کمی ہے جب کہ ہم ویکسین کی اضافی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں۔ ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ یہ وقتی گیپ ہے جو جلد دور کردیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک تاثر یہ بھی ہے کہ پہلی اور دوسری خوارک میں تین سے چار ہفتے کا وقت ہے اگر یہ وقفہ چھ سے سات ہفتوں کے بعد بھی لگوالی جائے تو اس کا کوئی نقصان نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایس او پیز پر عملدرآمد بہت ضروری ہے۔