سری نگر: قابض بھارتی فوج کی جارحیت کے نتیجے میں مزید 2 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع کپواڑا میں بھارتی فوج نے داخلی و خارجی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن کیا، اس دوران مریضوں کے لیے ایمبولینس کو بھی داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔
جارحیت پسند بھارتی فوج نے گھر گھر تلاشی کے دوران چادر و چہار دیواری کے تقدس کو پامال کیا، بچوں اور بزرگوں کو ہراساں کیا اور نوجوانوں کو غیر قانونی طور پر گرفتار کرکے اپنے ہمراہ لے گئے، جن میں سے دو نوجوانوں کی تشدد زدہ لاشیں ملیں۔
بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں ماورائے عدالت قتل کو مقابلہ ظاہر کرتے ہوئے شہید ہونے والے نوجوانوں کو دہشت گرد ثابت کرنے کی ناکام کوشش کی، تاہم اہل خانہ اور علاقہ مکینوں نے جھوٹ کا پردہ فاش کردیا اور بھارتی جارحیت کے خلاف شدید احتجاج کیا۔
خیال رہے کہ روں برس قابض بھارتی فوج کی جارحیت میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 10 سے تجاوز کرگئی ہے، گزشتہ برس 54 کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا گیا جب کہ وادی بھر میں بنیادی انسانی حقوق معطل ہیں۔