اسلام آباد: عدالت عظمیٰ نے فوجی عدالتوں سے سزا یافتہ 196 مجرموں کی رہائی کا حکم معطل کرتے ہوئے ان کے خلاف مقدمات کی تفصیلات طلب کرلیں۔
جسٹس مشیرعالم کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے فوجی عدالتوں سے سزا یافتہ 196 مجرموں کی رہائی سے متعلق پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔
عدالت نے استفسار کیا کہ کیا مجرمان رہائی کے فیصلے کے بعد جیلوں میں ہیں؟ جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے سپریم کورٹ کو آگاہ کیا کہ مجرمان کو تاحال رہا نہیں کیا گیا۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے استدعا کی کہ پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کو معطل کیا جائے۔
دوران سماعت جسٹس قاضی امین نے ریمارکس دیے کہ فوجی عدالتوں سے ٹرائل کے بعد مجرمان کو سزا ہوئی، ہر کیس کے اپنے شواہد اور حقائق ہیں۔
سپریم کورٹ نے 196 مجرموں کی رہائی کا حکم معطل کرتے ہوئے ان کے خلاف مقدمات کی تفصیلات طلب کرلیں۔ کیس کی مزید سماعت 24 جولائی کو دوبارہ ہوگی۔
خیال رہے کہ تمام دہشت گردوں کا ٹرائل فوجی عدالتوں میں ہوا تھا۔ پشاور ہائی کورٹ نے 196 سزا یافتہ مجرموں کی رہائی کا حکم دیا تھا۔