بیجنگ: چین میں کوئلے کی کان میں آگ لگنے کی وجہ سے 16 کان کن ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے صوبے گوئژو میں کوئلے کی کان میں لگنے والی آگ کو فائر بریگیڈ کے عملے نے 2 گھنٹوں میں قابو پالیا تھا، تاہم اس دوران دھویں کے بادلوں نے سانس لینا محال کردیا تھا۔
حادثے میں 16 افراد ہلاک ہوگئے، جن میں زیادہ تر کی اموات دم گھٹنے کی وجہ سے ہوئیں۔ ابتدائی تحقیقات میں پتا چلا ہے کہ آگ کنویئر بیلٹ میں لگی تھی، تاہم آگ لگنے کی وجہ کا تعین نہیں کیا جاسکا۔
صوبائی حکومت کی جانب سے واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ حادثے کے بعد پانزو شہر میں کوئلے کی تمام کانوں نے پیداواری سرگرمیاں ایک دن کے لیے معطل کردیں۔
خیال رہے کہ اس علاقے میں کوئلے کی قریباً 52.5 ملین میٹرک ٹن سالانہ پیداواری صلاحیت ہے جو چین کی کوئلے کی مجموعی پیداواری صلاحیت کا قریباً 5 فیصد ہے۔
آتش زدگی کا شکار ہونے والی کوئلے کی کان کی سالانہ پیداواری گنجائش 3.1 ملین ٹن ہے جب کہ یہ جس سرکاری کمپنی کی ملکیت ہے، اس کی 7 کوئلے کی کانوں کی پیداواری صلاحیت قریباً 17.3 ملین ٹن ہے۔
دھیان رہے کہ چین میں کانوں کے حادثات عام ہیں۔ رواں برس فروری میں منگولیا کے علاقے میں کان کے دب جانے سے 53 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔