کراچی: محکمہ داخلہ سندھ نے 11 مقامات پر دھرنے اور مظاہرے روکنے کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے اور اس سلسلے میں نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ پابندی کا اطلاق ہفتہ 17 اپریل سے اگلے دو ماہ کے لیے ہوگا۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کراچی کے جن علاقوں میں دھرنے اور مظاہرے روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ان میں نیشنل ہائی وے، انڈس ہائی وے، ریلوے ٹریک اور اس سے متصل علاقے شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اندورن ملک دیگر شہروں کو جانے والی شاہراہوں پر احتجاج اور دھرنے دینے پر بھی پابندی ہوگی۔ کراچی میں نادرن بائی پاس، ماڑی پور روڈ، حب ریور روڈ او ر شاہراہ عثمان پر احتجاج کرنے پر پابندی ہوگی۔
اس کے علاوہ کراچی کی اہم شاہراہ شارع فیصل اور لیاری ایکسپریس وے پر احتجاج اور دھرنے پر پابندی ہوگی اور ریلیاں بھی نہیں نکالی جا سکیں گی۔ پابندی کے باعث ان مقامات پر دھرنے، ریلیاں اور احتجاج نہیں کیا جا سکے گا۔