اسلام آباد: وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ 14 اپریل تک لاک ڈاؤن ختم کرنے کے امکانات کم ہیں، جہانگیر ترین پی ٹی آئی کے اہم رہنما ہیں اور رہیں گے، میں نہیں سمجھتا جہانگیر ترین اور عمران خان میں فاصلے بڑھ جائیں گے۔
انہوں نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا وزیراعظم نے اجازت دی تو 20 ٹرینیں چلاسکتے ہیں، مغل پورہ ورکشاپ سے کورونا کا کیس سامنے آیا ہے، ورکشاپ لاہور میں 10 ہزار مزدور کام کرتے ہیں جسے 12 اپریل تک بند کر دیا ہے، کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے اقدامات کررہے ہیں، 50 سال سے زائد عمر کے مزدور درخواست دے کر چھٹی پر جاسکتے ہیں، مزدوروں نے کوچز کو ٹھیک کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا قلی کے سماجی تحفظ پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، قلی 8171 پر میسج کر کے 12 ہزار روپے حاصل کرسکیں گے، ریلوے ملازمین کو تنخواہیں وقت پر دیں گے، بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا عمران خان نے کسی کو نہیں نکالا، عہدوں کی تبدیلی ہوئی ہے، 25 اپریل کو رپورٹ آنے کے بعد معلوم ہوگا کون ملوث تھا، جہانگیر ترین کو مشورہ ہے وہ پی ٹی آئی سے وابستہ رہیں۔