اپرکوہستان: داسو ڈیم میں کام کرنے والے کمپنی کی بس حادثے کا شکار ہوگئی اور 13 افراد جاں بحق ہوگئے۔
اپرکوہستان میں داسو ڈیم کے ملازمین کو لانے لے جانے والی بس حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق ہوگئے، جب کہ 39 افراد زخمی ہوگئے۔
ڈی پی او اپرکوہستان نے بتایا کہ حادثے کی وجوہات سامنے نہیں آئیں تاہم حادثے میں 13 افراد کی موت کی تصدیق ہوگئی ہے جن میں سے 9 چائنیز اور 2 مقامی مزدور بھی شامل ہیں، جب کہ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 7 افراد کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور پولیس کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا، جب کہ جائے وقوعہ کو دیگر سیکیورٹی اہلکاروں کی مدد سے سیل کردیا گیا ہے، تاحال حادثے کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں۔
ڈپٹی کمشنر عارف خان یوسفزئی کا کہنا تھا کہ کوسٹر گاڑی میں 41 افراد سوار تھے، حادثے میں 9 چینی باشندوں سمیت 13 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں دو ایف سی جوان اور 2 مقامی مزدور بھی شامل ہیں۔ تحقیقات مکمل ہونے پر وجوہات کا بتایا جا سکے گا، المناک واقعہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، تحقیقات سے قبل واقعہ کو حملہ یا دہشت گردی سے منسوب نہیں کہا جا سکتا۔
داسو میں رونما ہونے والے واقعے پر وزیراعلی محمود خان کی ہدایت پر صوبائی حکومت کا اعلی سطحی وفد کوہستان پہنچ گیا، وفد میں کامران بنگش، چیف سیکرٹری اور آئی جی پی خیبر پختونخوا شامل ہیں، معاون خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش کا کہنا ہے کہ معاملے کی جانچ کے بعد میڈیا کو صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا۔