کراچی:اسمارٹ فون کی تجارت سے متعلق تازہ اعدادوشمار کے مطابق انٹرنیشنل ڈیٹا کارپوریشن (آئی ڈی سی) نے 2021 کی دوسری سہ مای کی رپورٹ جاری کر دی۔
رپورٹ کے مطابق اپریل سے جون 2021 کے دوران اسمارٹ فونز کی فروخت میں گزشتہ سال سے 13.2 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
سام سنگ نے اپنی روایت برقرار رکھی اور اپریل سے جون 2021 کے دوران 5 کروڑ 90 لاکھ فونز فروخت کر کے سمارٹ فونز کی دنیا میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والے موبائل میں پہلا نمبر حاصل کیا۔
چینی کمپنی شیاؤمی نے 5 کروڑ 31 لاکھ سے زیادہ فونز فروخت کرکے ایپل جیسی بڑی کمپنی کو پیچھے چھوڑ دیا اور دوسری بڑی کمپنی کا اعزاز اپنے نام کیا۔ جبکہ ایپل 4 کروڑ 42 کروڑ آئی فونز فروخت کرکے تیسرے نمبر پر رہی۔
رواں سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران شیاؤمی کے فونز کی فروخت گزشتہ سال کے کے مقابلے میں 86.6 فیصد زیادہ رہی۔
آئی ڈی سی کی فہرست میں چوتھی اور 5 ویں پوزیشن بھی چینی کمپنیوں اوپو اور ویوو نے حاصل کر لیں ہیں۔
رپورٹ کے مطابق چین واحد خطہ تھا جہاں اپریل سے جون 2021 کے دوران اسمارٹ فونز کی فروخت کی شرح منفی رہی، اس کی وجہ اس عرصے میں نئے فلیگ شپ فونز متعارف نہ ہونا ہیں۔
رواں برس کی پہلی سہ ماہی رپورٹ میں بھی سمارٹ فونز کی دنیا میں سام سنگ نے ایپل کو پیچھے چھوڑ دیا تھا۔
رواں برس کی پہلی سہ ماہی میں سام سنگ کی فروخت، عالمی سطح پر کی جانے والی موبائل فونز کی مجموعی فروخت کا پانچواں حصہ قرار پائی تھی۔ سام سنگ نے پہلی سہ ماہی میں 7 کروڑ 65 لاکھ اسمارٹ فونز فروخت کیے تھے اور مارکیٹ میں اس کے حصص میں 22 فیصد اضافہ ہوا تھا۔
جبکہ ایپل نے جنوری سے مارچ کے دوران 5 کروڑ 24 لاکھ آئی فونز فروخت کیے، جس کے بعد کمپنی مارکیٹ میں 15 فیصد حصص کے ساتھ دوسرے نمبر پر آگئی تھی