برطانوی شہزادہ چارلس کی اہلیہ کا لندن کی مسجد کا دورہ

برطانیہ کے ولی عہد شہزادہ چارلس کی اہلیہ ڈچز آف کارنوال کمیلا پارکر نے لندن میں مسجد کادورہ کیا۔ وہ شمالی لندن کے علاقے ہیرنگے میں واقع مسجد پہنچیں۔ مسجد آمد پر انہوں نے سیاہ اور سفید لباس زیب تن کررکھا تھا اور سر کو کریم کلر کا اسکارف سے ڈھانپا ہوا تھا۔ مسجد میں داخل ہونے سے قبل کمیلا پارکر نے اپنے جوتے اتار ے اور مسجد کے لیے مخصوص سلیپرز پہن کر اندر داخل ہوئیں۔

کمیلا پارکر نے  مسجد میں قائم ویکسی نیشن سینٹر کا دورہ کیا۔ انہوں نے وبا کے دوران  امدادی کاموں کے طریق کار سے متعلق بھی دریافت کیا۔ انہوں نے عملے سے ویکسی نیشن کے عمل سے متعلق سوالات کیے اور ویکسین لگوانے والوں سے بھی بات چیت کی۔

ڈچز آف کارنوال لندن اسلامک کلچرل سوسائٹی بھی گئیں جہاں انہوں نے بے گھر پناہ گزین بچوں کے لیے کھانے کے پیکٹس کی تیاری میں بھی حصہ لیا۔

کمیلا پارکر نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے اور دورے کی مناسبت سے لگائی گئی تختی کی نقاب کشائی بھی کی اس دوران وہ چہرے پر مسلسل ماسک پہنے رہیں۔

camilla parker visits mosque in London