کراچی کے شاپنگ مال میں آگ لگنے سے 11 افراد جاں بحق

کراچی: شہر قائد میں راشد منہاس روڈ پر قائم شاپنگ سینٹر میں آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں اب تک 11 افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق ہوچکی ہے۔
جناح اسپتال کے حکام کے مطابق 9 میتوں کو جناح اسپتال جب کہ ایک سول اور ایک کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر شعبہ حادثات جناح اسپتال کا بتانا ہے کہ جاں بحق اورزخمی ہونے والے تمام مرد ہی ہیں جن کی عمریں 22 سے 43 سال تک ہیں۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق صبح 6 بجے لگنے والی آگ عمارت کی چھٹی منزل سے چوتھی منزل تک پھیلی، اس وجہ سے درجنوں دکانیں جل گئی ہیں جب کہ کثیر المنزلہ مال اور اطراف کی عمارتوں کی بجلی معطل کردی گئی ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ دم گھٹنے کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ دیگر 8 افراد کو بے ہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے، عمارت کے اندر مزید لوگوں کے ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق 12 گاڑیاں، 2 اسنارکل اور قریباً 50 فائر فائٹر کی مدد سے آگ بجھانے میں مصروف تھے جب کہ اب آگ پر قابو پالیا گیا ہے لیکن ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ عمارت میں دھواں بھرنے کے باعث آگ بجھانے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا، فائر بریگیڈ کے علاوہ ریسکیو کے دیگر ادارے بھی امدادی کاموں میں مصروف ہیں، تاہم عمارت میں آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہ ہوسکی ہے۔
فائر ریسکیو کمانڈر ہمایوں خان کا بتانا ہے کہ عمارت میں آگ ممکنہ طور پر شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی، شاپنگ سینٹر میں آگ بجھانے کا نظام موجود نہیں تھا، سینٹرلی ایئرکنڈیشنڈ ہونے کے باعث ہوا کے اخراج کا راستہ نہیں تھا۔
فائر ریسکیو کمانڈر کا بتانا ہے کہ شاپنگ سینٹر میں کال سینٹر 24 گھنٹے کام کرتے ہیں،50 افراد کو ریسکیو کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

 

11 People DiedFire brigadekarachiShopping Mall Fire