امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک انتہائی مہربان شخص نے جو کہ ایک مقامی ریسٹورنٹ میں کھانا کھانے آیا اور جاتے ہوئے وہ ریسٹورنٹ اسٹاف کو 10 ہزار امریکی ڈالرز بطور ٹپ دے گیا۔
ایک امریکی میڈیا پورٹل کے مطابق شمالی فلوریڈا کے گینسویل کے علاقے میں واقع ریسٹورنٹ، واہو سی فوڈ گرل میں گزشتہ ہفتے مذکورہ بالا شخص اپنی بیوی اور بیٹے کے ہمراہ ڈنر پر آیا اور ڈنر کے بعد جاتے ہوئے اس نے سروس دینے والے تمام اسٹاف کو ان کی اچھی سروس اور محنت پر 10 ہزار ڈالرز بطور ٹپ دیے۔
ریسٹورنٹ کے مالک شان شیفرڈ کے مطابق اسے اس کے ملازمین نے اس بھاری اور بڑے ٹپ کے متعلق بتایا جس پر اسے شک ہوا اور اس نے ملازمین سے کہا کہ وہ کریڈیٹ کارڈ کی پشت پر آئی ڈی اور نام دیکھیں۔
لیکن ریسٹورنٹ کے پوائنٹ آف سیل سسٹم نے رقم کی ٹرانزیکشن منظور کرلی، جس پر ریسٹورنٹ کے مالک نے ملازمین سے کہا کہ وہ اگلے روز پھر چیک کریں اور رقم کی موجودگی کو یقینی بنائیں۔ تاہم رقم موجود تھی۔
مالک کا کہنا ہے کہ اس کے ملازمین انتہائی ایماندار ہیں اور عالمی وبا کے دوران بھی انہوں نے بڑے خلوص سے کام کیا، اور یہ ان کا حق ہے کیونکہ انہوں نے اس ریسٹورنٹ کی سروس کو قابل قدر بنایا ہے