لاہور: وزیر اعظم عمران خان کی حتمی منظوری کے بعد چاروں صوبوں میں اپ اینڈ ڈاؤن 24 ٹرینیں چلائی جائیں گی۔
نجی ٹی وی کے مطابق حکومت نے ٹرین آپریشن 10 مئی سے جزوی بحالی کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے وزارت ریلوے نے ٹرین آپریشن بحالی کے لیے پاکستان ریلوے کو مراسلہ جاری کر دیا ہے جس میں ہدایت دی گئی ہے کہ ریلوے حکام ٹرین آپریشن بحالی سے متعلق انتظامات مکمل کرلیں۔
8 مئی کوٹرین آپریشن بحالی سے قبل وزیر اعظم سے حتمی منظوری لی جائے گی اور ان کی حتمی منظوری کے بعد اپ اینڈ ڈاؤن 24 ٹرینیں چلائی جائیں گی، ابتدائی طور پر چاروں صوبوں میں ٹرین آپریشن جزوی بحال کیا جائے گا، ممکنہ طور پر لاک ڈاؤن کے بعد بھی ریزرویشن دفاتر بند رہیں گے اور ٹرین آپریشن بحالی پر مسافروں کو صرف آن لائن بکنگ کے ذریعے ہی ٹکٹ دستیاب ہوں گے۔
خصوصی ٹرین آپریشن کے آن لائن بکنگ 9 مئی سے شروع ہوگی، ٹرین کی 60 فیصد سیٹیں بک ہونے کے بعد بکنگ روک دی جائے گی، 60 فیصد بکنگ سے سماجی فاصلہ پالیسی پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا، خصوصی ٹرینوں کی بکنگ روانگی سے 24 گھنٹے پہلے بند کردی جائے گی، خصوصی ٹرینیں چلنے کی صورت میں مسافروں کو ٹرین کی روانگی سے 1 گھنٹہ قبل اسٹیشن پہنچنا ہوگا، ریلوے اسٹیشن سے 200 میٹر تک ایریا غیر ضروری افراد کے داخلے پربند ہو گی، مسافروں کے پاس اپنے ماسک، گلوز، سینیٹائزر اور صابن ہونا لازم ہے۔
وزارت ریلوے نے خصوصی ٹرین آپریشن کے لیے ایس او پی پر عمل درآمد لازمی قرار دیا ہے، جس کے تحت خصوصی ٹرین آپریشن کے دوران مسافروں اور عملے کے لیے ہدایات پر عمل لازم ہوگا اور کوتاہی کی صورت میں ریلوے قوانین کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔